ملتان، 02 نومبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے نشتر ہسپتال ٹو 31دسمبر تک فعال کرنے کی ڈیڈ لائن کے پیش نظر پراجیکٹ پر برق رفتاری کے ساتھ کام جاری ہے اورحکام ترقیاتی کام کی بھرپور مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن( ر) ثاقنب ظفر نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب افضل ناصر خان کے ہمراہ نشتر ہسپتال ٹو کا دورہ کیا۔ آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عدنان رحمت نے اس موقع پر پراجیکٹ کی تکمیل بارے بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ہسپتال کی بیسمنٹ، گراونڈ فلور اور فرسٹ فلور کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے آرتھو، گائنی اور پتھالوجی بلاک، ایمرجنسی، ویٹنگ ایریا، ایڈمن بلاک اور ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو چیک کیا اور فارمیسی اور آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیا۔
کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ہسپتال کا فرسٹ فلور 31 دسمبر سے پہلے ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ڈیپارٹمنٹس میں جاری فنشنگ کا کام جلد نمٹایا جائے۔
کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ پراجیکٹ پر لیبر کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور ہسپتال کی فلورنگ کے لئے اعلیٰ کوالٹی کی ٹائل استعمال کی جائے جبکہ ہسپتال کے تمام ڈیپارٹمنٹس بارے رہنمائی کے لئے خوبصورت سائن بورڈ لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ییں اور نشتر ہسپتال ٹو کی جلد تکمیل کےخواہاں ہیں۔انہوں مزید نے بتایا کہ صوبہ کے 32 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پر26 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس پلان کے تحت نشتر ہسپتال ون کو اپ گریڈ کرنے پر1 ارب 10 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ نشتر ہسپتال ٹو جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں بہترین اضافہ ہے۔