نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی سفیر کی ملاقات، غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لئے سفارتی کوششوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ

28

اسلام آباد،20نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پر بات چیت کے لئے رواں ماہ کے اوائل میں او آئی سی کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر سعودی قیادت کی تعریف کی۔

انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی اتفاق رائے پیدا کرنے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے غزہ میں تشدد کے خاتمے اور بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لئے سفارتی کوششوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔