اسلام آباد، 30 نومبر ( اے پی پی): ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کانفرنس کی صدارت کی۔
کانفرنس کے دوران خطے اور بین الاقوامی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کانفرنس کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی سے خطے میں پیدا ہونے والی بحری صورتحال کا تجزیہ کیا گیا۔
کانفرنس میں پاکستان کے تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت کیلئے خلیج عدن میں پاک بحریہ کے جہاز کی تعیناتی کا جائزہ بھی لیا گیا، کانفرنس میں پاکستان کے سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس دوران نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی، نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔