ٹنڈومحمدخان،یکم نومبر(اے پی پی): نجی تعلیمی ادارے لال بائی کے چیئرمین عاطف خواجہ نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت 20 سے زائد بے سہارا بچوں کو سہارا دینے والے زلیخاں فاؤنڈیشن یتیم خانے سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، یتیم خانے کے تمام بچوں کو نجی تعلیمی ادارے لال بائی میں مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زلیخاں فاؤنڈیشن یتیم خانے میں بے سہارا بچوں کے ساتھ عالمی یوم خوراک کی تقریب میں شرکت کے دوران کیا، اس موقع پر نجی تعلیمی ادارے لال بائی کے مرد و خواتین اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مسرت کا اظہار کیا۔ لال بائی اسکول کی جانب سے یتیم خانے کے بچوں میں نئے کپڑے، شوز، کھلونوں سمیت نقد رقم تقسیم کی گئی۔
عالمی یوم خوراک کے موقع پر لال بائی ہائیر سیکنڈری ہائی اسکول کے چیئرمین و اساتذہ نے کیک کاٹا اور بچوں کے ساتھ کھانا تناول فرمایا۔
اس موقع پر عاطف خواجہ کا کہنا تھا کہ آج یتیم و بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزار کر انہیں یہ باور کرانا تھا کہ وہ اکیلے نہیں ہیں، نجی تعلیمی ادارے لال بائی ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے بے سہارا بچے اپنی قابلیت و سخت محنت کے زریعے مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے یتیم خانے کے بچوں کو اسکول کی وردی،کتابوں سمیت لال بائی اسکول میں مفت تعلیم کی فراہمی کا اعلان کیا۔
اس موقع پر زلیخاں فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن رضیہ سہتو نے لال بائی اسکول کے یتیم خانے کے بچوں کے لیے اپنے اسکول میں مفت تعلیم کی فراہمی پر چیئرمین عاطف خواجہ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔