لاہور،03 نومبر(اے پی پی ):پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیمیں کل سے دوبارہ ڈھاکہ کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گی، اس بار ان دونوں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں مقابلہ ہورہا ہے، اس سلسلے کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کل شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، بقیہ دو ون ڈے انٹرنیشنل سات اور دس نومبر کو اسی میدان میں ہونگے۔ ی
ہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کی لائیو اسٹریمنگ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے یوٹیوب چینل پر کی جائے گی۔پاکستان اس وقت آئی سی سی کی ویمنز چیمپئن شپ میں بارہ میں سے چھ میچ جیت کر چھٹے اور بنگلہ دیش نو میچوں میں سے ایک میچ جیت کر نویں نمبر پر ہے جبکہ آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں بنگلہ دیش کا نمبر آٹھواں اور پاکستان کا دسواں ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ابتک بارہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں دونوں نے چھ چھ میچ جیتے ہیں۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان کی اوپنر سدرہ امین بارہ میچوں میں دو سنچریوں اور تین نصف. سنچریوں کی مدد سے634 رنز بناکر سرفہرست ہیں جبکہ بسمہ معروف چھٹے نمبر پر ہیں انہوں نے بارہ میچوں میں چار نصف سنچریوں کی مدد سے391 رنز بنائے ہیں۔بولنگ میں لیگ اسپنر غلام فاطمہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں بارہ وکٹیں سات میچوں میں حاصل کرچکی ہیں۔لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو نے گیارہ میچوں میں گیارہ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ آف اسپنر ندا ڈار نے گیارہ میچوں میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں۔
31 سالہ سدرہ امین جو گزشتہ سال ویمنز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہملٹن میں سنچری بناچکی ہیں پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ بنگلہ دیش ایک اچھی ٹیم ہے جس کی جھلک اس نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دکھائی ہے۔ہمیں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے بہترین کھیل دکھانا ہوگا۔ تمام کھلاڑی اپنے کھیل پر محنت کررہی ہیں اوراس نے پریکٹس سیشنز بھی کیے ہیں اور ایک پریکٹس میچ کھیل کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکی ہیں اور چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
سدرہ امین کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی بیٹنگ میں ٹاپ پر ہیں لیکن وہ چاہتی ہیں کہ آنے والے میچوں میں رنز بناکر اپنی ٹیم کی کامیابیوں میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔











