چنیوٹ؛حضرت بابا رنگشاہ ؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آخری روز،گھوڑا ڈانس کا انعقاد

48

چنیوٹ،یکم نومبر 2023 ( اے پی پی ): بھوآنہ ٹاہلی رنگ شاہ میں حضرت بابا رنگشاہ بخاری رحمة اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آخری روز ہے۔اس موقع پر گھوڑا ڈانس کا انعقاد بھی کیا گیا،گھوڑا ڈانس کے مقابلوں میں پنجاب بھر سے ٹیموں نے حصہ لیا،گھوڑا ڈانس دیکھنے کے لیے اہل علاقہ کی کثیر تعداد امڈ آئی ۔

اس قدیم گھڑ ڈانس میلے میں موسیقی کی دھنوں پر گھوڑوں نے ایسے ایسے کمال انداز میں ڈانس کیا کہ مالک بھی اپنے گھوڑوں کے ناچ پر ناز کرتے رہے،ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں نے ایسے کمال کے فن کا مظاہرہ کیا کہ شہری بھی داد دیے بغیر نا رہ سکے۔

اس موقع پر گھڑ شائقین کا کہنا تھا کہ گھوڑا ڈانس ایک نوابی شوق ہے ،یہ ایک مہنگا کھیل ہے،ان کا کہنا تھا کہ ایک گھوڑے کی ٹریننگ پر کئی سال محنت کرنا پڑتی ہے جس کے بعد گھوڑا رقص کرتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ گھوڑوں کے ڈانس چار قسم کے ہوتے ہیں جن میں جھومر ناچ، لنگوری ، ریڑ اور دھمال شامل ہیں۔

اس موقع پر گدی نشین سید جعفر علی شاہ بخاری کا کہنا تھا کہ گھوڑا ڈانس ہمارا ثقافتی کھیل ہے جس کے فروغ کیلئے ہر سال مقابلے کروائے جاتے ہیں،ان مقابلوں میں حصہ لینے اور دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ حضرت بابا رنگ شاہ بخاری(ر) کا عرس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا،علاقے بھر سے لوگ خوب لطف اندوز ہوئے،سید جعفر شاہ بخاری نے میلے کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ اور پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

گھوڑا ڈانس کے مقابلوں میں گھوڑے نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے،خصوصی مہمانوں نے فاتح اور رنر اپ گھوڑوں کے مالکان میں انعامات تقسیم کیے۔