شیخوپورہ، 17نومبر(اے پی پی):ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ٹی بی میں مبتلا افراد کی بیماری کی تشخیص، مفت علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی کے لئے ٹی بی کلینک کا افتتاح کر دیا۔
ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹی بی کلینک قائم کرنے پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان اور محکمہ صحت شیخوپورہ کے حکام کے ٹی بی کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات کو سراہا۔ ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے ٹی بی کلینک کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹی بی کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے جو کہ تشویش ناک صورتحال ہے۔اس موزی مرض کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ اسی ویژن کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم ہونے والے ٹی بی کلینک میں ماہر ڈاکٹروں کے زیر سرپرستی ٹی بی کے مریضوں کی تشخیص، مفت علاج معالجہ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے بڑھتے ہوئے بوجھ کی وجہ سے ڈبلیو ایچ او محکمہ صحت کو تکنیکی مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے،ہم سب کو اس موذی بیماری کے خاتمہ کے لیے فریضہ ادا کرنا چاہیے۔ ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے مزید کہا کہ ضلع شیخوپورہ میں زیادہ آبادی والی یونین کونسلز میں ویکسینٹرز تعینات کرنے کے لئے ڈیلی ویجرز ویکسینٹرز کی بھرتی کے لئے منظوری دی گئی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنٹری ہیڈ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ایک ایمبولنس فراہم کی جا رہی ہے جو کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے مریضوں کو چلڈرن کمپلیکس تک منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوگی اور اس کے علاوہ الٹرا ساؤنڈ مشینیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے ٹی بی کے مریضوں کے لیے آکسیجن مینوفیکچرنگ یونٹ، ویکسین کیرئیر اور ٹی بی کلینکس کی تزئین و آرائش میں ڈبلیو ایچ او سے تعاون کا مطالبہ کیا۔ ان مطالبات پر ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے یقین دلایا کہ ٹی بی کلینک کی تزئین و آرائش اور دیگر تمام مطالبات کو جلداجاگر کر کے پورا کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ کی پاکستان سے ٹی بی پر قابو پانے اور اس کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں سراہا اور کہا کہ پاکستان سے ٹی بی کے مکمل خاتمے کے لیے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تکنیکی اور طبی مہارت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے پاکستان سے ٹی بی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔
افتتاح کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر پرویز،ڈی ایچ او ڈاکٹر فہد اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر فیاض بٹ، ڈاکٹر سجاد حفیظ ، ڈاکٹرہمایوں کاظم اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہید کوراٹر ہسپتال ڈاکٹر فائزہ کنول موجود تھیں۔