ڈیرہ غازی خان، 14نومبر(اے پی پی ): ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی میں شعبہ سوشیالوجی کے زیر اہتمام ”فری لانسنگ اینڈ گرافک ڈیزائیننگ” کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے نمایاں اور کامیاب فری لانسرز نے بطور ٹرینر شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر محمد علی تارڑ نے کہا کہ جدید دور میں نوجوان نسل کو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے آمدن کے ذرائع بڑھانا ہونگے کیونکہ صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرکے ہی ترقی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن طریق کار اپناتے ہوئے طالب علم اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری ر کھ کر گھر بیٹھے بھی اپنے تعلیمی اخراجات پورے کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل پر عزم اور باصلاحیت ہے انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔
انہوں نے حاضرین کو بلاگنگ کے بارے آگاہی فراہم کی اور بتایا کہ آن لائن کام کے ذریعے عملی زندگی میں بھی یہ مہارتیں ان کی معاشی طور پر مدد کریں گی۔
اس موقع پر پروفیسر مبین ہاشمی نے شرکاء کو گرافک ڈیزائننگ کی بنیادی قوائد و ضوابط کے بارے آگاہی فراہم کی۔
تقریب میں ناظم امور طلباء ڈاکٹر محمد سلمان حیدر، شعبہ اکنامکس کے ہیڈ ڈاکٹرعمران لودھی، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ ڈاکٹر عنصر علی اور مختلف شعبہ جات کے اساتدہ اور طلباء و طالبات موجود تھے۔ورکشاپ کے اختتام پر طالب علموں میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔