ڈی جی خان؛امن و امان کے قیام ، بجلی چوری ، ممنوعہ اشیاءکی سمگلنگ روکنے کیلئے انتظامیہ کی کارروائیاں جاری

6

 ڈیرہ غازی خان ،10 نومبر( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کے قیام،بجلی چوری،ایرانی تیل اور دیگر ممنوعہ اشیاءکی سمکلنگ روکنے کےلئے انتظامیہ کی طرف سے کارروائیاں جاری ہیں۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر منعقد ہوا،اجلاس میں آر پی او کیپٹن( ر) سجاد حسن خان ،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او احمد محی الدین اور دیگر افسران موجود تھے۔

کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں ایرانی تیل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کےلئے اداروں نے ابتک 8لاکھ 10ہزار 600 لیٹر ڈیزل و پٹرول تحویل میں لے لیا اور 79 مقدمات درج کرکے 123افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ 201گاڑیاں بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل سمیت دیگر ممنوعہ سامان کی سمگلنگ روکنے کیلئے چیک پوسٹوں و دیگر داخلی خارجی راستوں کو سیل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ ملکی معیشت کو کھوکھلا کر رہی ہے اس کاخاتمہ وقت کی ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل کروں گا وہ سمگلنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں۔کمشنر نے کہا کہ دو ماہ کے دوران 2567 بجلی چور گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات کا اندراج یقینی بنایا گیا ہے اور 10کروڑ 2لاکھ روپے سے زائد رقم جرمانوں کی مد میں وصول کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سات ستمبر سے جاری کریک ڈاون کے دوران اب تک 3676گھریلو، 71کمرشل، 13زرعی اور آٹھ صنعتی مقامات پر بجلی چوری بھی پکڑی گئی ہے۔اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل درآمد کرایا جائے گا اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔اجلاس میں دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کی گئیں۔