ڈیرہ غازی خان ،10 نومبر( اے پی پی ): تیز رفتاری کے باعث مرغیوں سے بھری گاڑی نالے میں گرگئی،2افراد جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے معموری کارپٹ روڈپر سیم نالہ(مانکہ کینال) میں مرغیوں سے لدا ہوا ڈالا تیز رفتاری کے باعث گر گیا ہے اور ڈالے میں تین افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
جس پر بلا تاخیر دو ایمبولینسیں و ریسکیو وہیکلز جائے حادثہ کی طرف روانہ کردیں گئیں اور ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر بروقت رسپانس کیا ، تینوں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالا جن میں سے دو افراد 12سالہ محمد ولد شمس الدین اور 20سالہ ارسلان ولد رمضان کی حالت تشویشناک تھی، انہیں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان شفٹ کیا جا رہا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور راستے میں دم توڑ گئے جبکہ25 سالہ یاسین ولد لعل خان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان شفٹ کر دیا گیا ہے جاں اس کا علاج معالجہ جاری ہے۔