ڈیرہ غازی خان ،14 نومبر( اے پی پی ): ڈیرہ غازی خان میں 5روزہ انسداد پولیو مہم 27نومبر سے شروع ہو گی،اس حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔مہم کے دوران ضلع بھر میں8لاکھ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائینگے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں انسداد پولیو مہم27نومبر شروع ہو کر یکم دسمبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور محنت کی جائے اور پولیو ٹریننگ کے دوران بہتر ورکنگ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم سے قبل ہی گزشتہ مہم میں ناقص کارکردگی والوں کو متنبہ کیا جائے اور الائیڈ محکمے انسداد پولیو مہم میں محکمہ ہیلتھ کا بھرپور ساتھ دیں،ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں سکیورٹی ایشوز کو اچھے طریقے سے ہینڈل کیا جائے تاکہ وہاں پر سو فیصد بچوں کو قطرے پلائے جا سکیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمحمد اسد چاندیہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرادریس لغاری ڈاکٹر علی ہاشم،ڈاکٹر ظفر اللہ،ڈاکٹر نظام الدین،عطاء اللہ ساجد،سمیت ڈبلیو ایچ او،یونیسیف کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔