ساہیوال، 07 نومبر(اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا ساہیوال بائی پاس کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لئے علی الصبح دورہ کیا، کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ 30نومبر تک منصوبے کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کے ہزاروں مسافروں کو فیصل آباد اور اسلام آباد کے سفر میں آسانی ہوگی اور ہیوی ٹریفک کی دن کے اوقات میں شہر سے گزرنے کی پابندی کے باعث سامان کی ترسیل میں تاخیر کی شکایات بھی دورہوں گی۔
یہ منصوبہ تقریباً2ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل کیا جا رہا ہے جس کا پہلا فیز 9.77کلومیٹر سرور چوک تا ہڑپہ روڈ سڑک کی تعمیر سال2020 میں مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے فیز پر کام تیزی سے جاری ہے جس میں 4کلو میٹر سڑک اور ریلوے لائن پراوورہیڈ برج کی تعمیر شامل ہے۔ اب تک دوسرے فیز کا 75فی صد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی 25فی صد ٹارگٹ سے2ماہ قبل مکمل کر لیا جائے گا۔