ڈیرہ بگٹی،03 نومبر(اے پی پی): کمشنر سبی ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی نے ضلع ڈیرہ بگٹی کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں تمام ضلعی آفیسران کیساتھ کوارڈینیشن میٹنگ کی۔ڈپٹی کمشنر اظہر شہزاد نےکمشنر کو ضلع ڈیرہ بگٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور علاقائی صورت حال کے بارے میں مکمل بریفنگ دی،اور سرکاری محکموں کے کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔
بریفنگ پر کمشنر نے اطمینان کا اظہار کیا اور ہر ضلعی آفسیر سے درپیش مسائل کے بارے میں معلومات لی اور یقین دہانی کروائی کہ میں تمام درپیش مسائل کے حل کے لئے حکام بالا کو تحریری آگاہ کروں گا۔
کمشنر سبی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ بگٹی کا دورہ کیا جہاں ڈی ایچ او ڈیرہ بگٹی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ بگٹی نے صحت کے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہسپتال کے وارڈز ،ہسپتال میں موجود ٹی بی مشین، ایکسرے مشین اور چار سال بعدحال ہی میں جاری فنڈ سے لی گئی دوائیوں کا معائنہ بھی کیااور نشوونما سینٹر کا دورہ بھی کیا ۔۔
کمشنر سبی نے ڈیرہ بگٹی میں زیرتعمیرسپورٹس کمپلیکس کادورہ کیا،ایکسئن بی اینڈ آر نے زیر تعمیر منصوبے کے بارے میں کمشنرکو بریفنگ دی ۔
کمشنر سبی نے پیرکوہ کا دورہ بھی کیا اور پیرکوہ واٹر پروجیکٹ کا معائنہ کیا۔ایس ڈی او پی ایچ ای نے کمشنرسبی ڈویژن کو پیرکوہ واٹر پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنرنےاس منصوبےکو جلد مکمل کرنے کےاحکامات جاری کئے۔
کمشنرسبی ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی نے تمام ضلعی آفیسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں جتنے بھی نامکمل منصوبے ہیں وہ فوری طور پر مکمل کئے جائیں۔
قبل ازیں کمشنرسبی ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کے دفتر پہنچے تو ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد نے کمشنر کا استقبال کیا۔ لیویز فورس نے کمشنر سبی کو سلامی پیش کی اور بلوچی لباس زیب تن کئے ہوئے دو بچوں نے کمشنر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
کمشنر سبی ڈویژن کے دورے کےموقع پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے ۔