کھیل نہ صرف نوجوان نسل کی ذہنی و جسمانی صحت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ انہیں مستقبل کیلئے بھی تیار کرتے ہیں ؛ سعید اختر

77

 

اسلام آباد، 13 نومبر (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل  پاکستان سپورٹس بورڈ   سعید اختر  نے کہا ہے کہ کھیل نہ صرف نوجوان نسل کی ذہنی اور جسمانی صحت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ ان کی توانائی کو مثبت رُخ دیتے ہوئے مستقبل کے لیے انہیں   تیار کر کے کار آمد کارکن بننے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے پیر کو یہاں سپورٹس کمپلیکس   میں منعقدہ  الہدیٰ انٹر نیشنل اسکول کے زیرِ اہتمام ہفتہ کھیلوں  کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے  ہوئے  کیا۔ڈی جی   سعید اختر  نے طلبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کو صحت مند مومن پسند ہیں اور معاشرے میں خصوصاََ تعلیمی اداروں میں اس طرح کی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی اشد ضرورت ہے۔

تقریب کے  دیگر مہمان  خصوصی میں سی ای او ۳۱۳ فٹ بال اکیڈمی  خرم علوی  ،پاکستان سپورٹس بورڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرچودھری اشرف اور برٹش کونسل پاکستان کے اکاونٹس ریلیشن شپ مینیجر طاہر محمود عباسی شامل تھے جن کی موجودگی نے طلبہ کو مزید پر جوش کر دیا۔

 الہدیٰ انٹر نیشنل اسکول کے زیرِ اہتمام ہفتہ کھیلوں   کا مقصد صحت مند اور چست مسلمان کی اہمیت واضح کرنا اور طلبا ءپرہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت واضح کرنا ہے۔ادارے نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے ہر طالب علم کی کسی نہ کسی کھیل میں شرکت کو یقینی بنایا ۔پہلے اسکول میں سیکنڈری سیکشن کے طلبا کے درمیان سیکشنزکی سطح پر،پھر کلاسز کی سطح پر اور پھر مختلف ٹیمز کے مابین کھیلوں کے مقابلے ہوئے جبکہ ہر کھیل جیتنے والوں کے مابین مقابلہ سپورٹس کمپلیکس میں کروایا جا رہا ہے۔