ہیڈ کوچ پاکستان والی بال ٹیم کی سینئر وائس پریذیڈنٹ پی وی ایف کے ہمراہ پریس کانفرنس ،ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان

28

اسلام آباد،30 نومبر(اے پی پی): ہیڈ کوچ پاکستان والی بال ٹیم اہسانائے ریمرس نے سینئر وائس پریذیڈنٹ پاکستان والی بال فیڈریشن سردار محمد نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ سال 2023 ء میں پاکستان والی بال فیڈریشن ( پی وی ایف) نے کئی بین الا قوامی اور علاقائی مقابلوں کی میزبانی کی اور ان میں شرکت کی، جو ہماری ٹیموں کیلئے کامیابیوں اور چیلنجوں دونوں کی نشاندہی کرتی ہے۔

سنٹرل ایشین والی بال چیمپیئن شپ میں چار بین الاقوامی ٹیموں افغانستان، بنگلہ دیش، ایران اور سری لنکا کا خیر مقدم کرتے ہیںجن کے باعث ایک کامیاب چیمپیئن شپ کا انعقاد ہوا، پاکستان کی قومی والی بال ٹیم نے اس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔

اے وی سی چیلنج کپ برائے مردوں میں پاکستان قومی ٹیم کوحکومت پاکستان کی طرف سے این او سی جاری نہ کرنے کی وجہ سے قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کر سکی جس کے نتیجے میں اے وی سی کی طرف سے تقریباً15 ملین پاکستانی روپے کا مالی نقصان ہوا 20000 امریکی ڈالرز کے جرمانے کے ساتھ ساتھ اس کی مجموعی درجہ بندی پر بھی اثر پڑا۔

اے وی اے انڈ ر 16 والی بال چیمپیئن شپ میں پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپیئن شپ میں سلور میڈل حاصل کیا۔پہلی ایشین مینز انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ میں14 ٹیموں نے حصہ لیا اور پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

 19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان نے ایک اہم کامیابی سمیٹی جہاں قومی سینئر مینز والی بال ٹیم نے بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر ایشیا میں اپنی رینکنگ کو آٹھویں سے پانچویں نمبر پرپہنچایا۔

مستقبل کے پلان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ اینڈ ٹریننگ کیمپس کے تحت انڈر 18 ٹریننگ کیمپ کے ٹرائلز چار شہروں میں منعقد کیے گئے، جس سے نوجوان ٹیلنٹ کو مستقبل کی سر گرمیوں میںپروان چڑھانے کی بنیاد رکھی گئی۔ اس وقت اسلام آباد میں انڈر 18 اور انڈر 23 کے تربیتی کیمپس جاری ہیں۔

آنے والے ایونٹس میں پاکستان کی قومی سینئر مینز والی بال ٹیم مستقبل کے مقابلوں کے لیے تیاری کر رہی ہے، جس میں ایشین مینز کلب والی بال چیمپئن شپ، بحرین میں اے وی سی چیلنج کپ، ایشین چیمپیئن شپ میں انڈر 18 ٹیم، انڈر 20 والی بال چیمپئن اور دیگر ایونٹس شامل ہیں۔