اوکاڑہ،01 نومبر(اے پی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کےبہیمانہ مظالم کے خلاف ریلی کا اہتمام کیا گیا۔
ریلی ایمپلائز ایسوسی ایشن اور اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں انتظامی اسٹاف، اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی، شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈاز اٹھا رکھے تھے جن پہ فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے، نعروں اور تقاریر کے ذریعے شرکاء نے امن، انصاف اور مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر فضا “فری فری فلسطین” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء نے اسرائیل کے جھنڈے کو بھی نذر آتش کیا اور مسلم امہ اور اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے پر امن حل تک اسرائیل کا بائیکاٹ کریں۔
ریلی میں مختلف انتظامی افسران اور اساتذہ نے تقاریر بھی کیں جن میں غزہ پہ اسرائیلی افواج کے مظالم کی منظر کشی کی گئی اور وہاں پہ فلسطینی عورتوں اور بچوں کی نسل کشی فی الفور روکنے کےلیے اقوام متحدہ اور عالمی میڈیا سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ریلی کیا اختتام اس دعا اور امید کے ساتھ ہوا کے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی یہ کاوش مسئلہ فلسطین کے حل کےلیے ایک سنگ میل ثابت ہواور زبان خلق سے مظلوموں کی داد رسی ہو سکے۔
فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے نکالی گئی یہ ریلی یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی طرف سے انسانیت کے وقار کے تحفظ اور دنیا میں امن کے قیام کےلیے کی جانے والی ایک منتظم کاوش ہے۔