اخوت فاؤنڈیشن  سے 40 لاکھ گھرانے (تقریباً 3 کروڑ افراد) قرض حسنہ سے مستفید ہو چکے ہیں ؛چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب

103

اسلام آباد، 14 دسمبر (اےپی پی): چئیرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ اخوت فاؤنڈیشن  سے 40 لاکھ گھرانے (تقریباً 3 کروڑ افراد) قرض حسنہ سے مستفید ہو چکے ہیں۔

 چئیرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے  اخوت فاؤنڈیش فنڈ ریزنگ تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان میں اخوت فاؤنڈیش بغیر سود قرضہ فراہم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ  جو لوگ بھی عزت نفس کا سودا کرنا چاہتے ہیں، مواخوات  کی مثال قائم کرنا چاہتے ہیں ان کو چاہئے کہ وہ  غریب طلبا و طالبات کی تعلیم کے لیے کچھ وقف کریں۔

 ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت فاؤنڈیشن کو 23 برس گزر گئے ، بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شب و روز  لوگ ساتھی بنتے گئے۔ 10 ہزار بڑھتے بڑھتے 220 ارب تک جا پہنچے ، ہم نے  ویسٹرن اکنامک تھیوری، سرمایہ دارانہ نظام کو رد کیا۔ جو لوگ آدھی روٹی کھاتے تھے ان کو سپورٹ کیا اور اب وہ لوگ پوری روٹی کھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے مغرب کے فلسفے مشعل راہ نہیں کہ سود کے نظام کو چلایا جائے بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق قرضہ حسنہ دے کر لوگوں کے دلوں میں جینے کی امید پیدا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے مزید کہا کہ  پاکستان میں تھر کا کوئلہ 3 سو برس کی توانائی فراہم کر سکتا ہے، ملک خدا داد میں بالائی طبقے کے لیے تو آسائشیں ہیں لیکن غریب کے لیے نہیں، ہمیں سرمایہ درانہ نظام کو ختم کر کے اسلام کا بول بالا کرنا ہو گا جس طرح انصار مدینہ نے کیا۔جو بھی  ضرورت سے زائد ہے وہ الله کے نام پر دینا ہو گا اور غریب مستحق لوگوں کے لیے جینے کی امید پیدا کرنا ہو گی۔