انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان نے خیبر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا افتتاح کر دیا

29

 

پشاور، 26دسمبر(اے پی پی): عوام کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے خیبر پولیس کی جانب سے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کردیا گیا ۔شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لئے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، جنکی مانیٹرنگ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے کی جائیگی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان نے   خیبر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا افتتاح کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسلیم عباس کلاچی نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرکے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبرکے تھانہ جات اور تمام داخلی وخارجی راستوں سمیت بازاروں اور مختلف پوائنٹس اور شاہراہوں پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں، کمانڈاینڈ کنٹرول سنٹر 24 گھنٹے متحرک رہے گا، ابتدائی طور پر 182کیمرے اس نظام سے منسلک کیے گئے ہیں،پہلے مرحلے میں جہاں بھی انٹرنیٹ کی سہولیات میسر تھیں وہاں پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔تھانہ جات،چوکیوں،ڈی پی او آفس،پولیس لائنز اور ٹریفک ہیڈکوارٹر کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے منسلک کردیاگیا ہے.

 انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ اختر حیات خان نے ضم اضلاع کے پہلے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے قیام کو خوش آئند قرار دیااور اس کا دائرہ کار دوسرے قبائلی علاقوں تک بڑھانے کے احکامات جاری کئے۔

آئی جی پی نے نئی تعمیر شدہ تھانہ باڑہ کی عمارت اور پہلی مرتبہ خواتین ڈیسک کے قیام کا افتتاح کیا، آئی جی نے پہلی دفعہ خواتین کے لیے باڑہ تھانہ میں  خاتون  پولیس کی تعیناتی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ باپردہ خواتین اب باآسانی اپنے مسائل خاتون  پولیس افسر  کے پاس درج کروا سکتی ہیں اور وہ اس سے مستفید ہوسکتی ہیں۔

بعدازں انسپکٹر جنرل آف پولیس کو نئے تھانہ باڑہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آئی جی پی نے تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تھانے کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا، تھانے کے دفاتر، رہائشی بیرکوں، حوالات، انوسٹی گیشن سیل سمیت ہر ایک شعبے کا جائزہ لیا۔

آئی جی پی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں ایسی مزید بلڈنگ تعمیر کی جا رہی ہیں۔  انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس کو جدید ساز و سامان اور آلات سے لیس کرنا، ترجیحات میں شامل ہیں جس سے پولیس کی استعداد کار مزید بڑھے گی۔