راولپنڈی،10دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ایستھیٹک فزیشنز کا مستقبل روشن ہے، اچھا نظر آنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے۔
یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں ایسوسی ایشن آف ایستھیٹک فزیشنز آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے تقریب کے انعقاد پر ایسوسی ایشن آف ایستھیٹک فزیشنز آف پاکستان کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایستھیٹک فزیشنز اور ان کے کاروبار کی ہیلتھ سائنسز میں نمایاں حیثیت ہے کیونکہ اچھا نظر آنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایسوسی ایشن آف ایستھیٹک فزیشن آف پاکستان کا دائرہ کار بڑھنے سے پاکستان میں ایستھیٹک ہیلتھ کے منظر نامہ میں نمایاں بہتری آئے گی اور اس کا فائدہ نچلی سطح پر بھی لوگوں کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا اختیار اور مدت محدود ہے، قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ایستھیٹک فزیشنز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی شکایات دور کرنے اور اسے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔