ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان میں کرسمس کی مناسبت سے خصوصی تقریب ،ایم ڈی عاصم کھچی نے کیک کاٹا

173

اسلام آباد،21 دسمبر (اے پی پی ) : قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی) میں مسیحی برادری اور ادارے کے مسیحی ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لئے کرسمس کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔

خصوصی تقریب کے دوران اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) عاصم کھچی نے کرسمس کا کیک کاٹا اورادارے کے مسیحی ملازمین  و دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔

تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم کھچی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا ، قومی خبر رساں ادارے میں مسیحی برادری کے ملازمین کی ادارے کے لئے  کردار و خدمات  کی تعریف کی اور ادارے میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین  کو کرسمس کی خوشیوں پر مبارکباد دی۔

خصوصی تقریب میں اے پی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرعدنان اکرم باجوہ سمیت مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز اور دیگر ملازمین بھی شریک ہوئے اور اے پی پی کے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد دی ۔

اے پی پی کے مسیحی ملازمین نے ہر برس کی طرح اس سال بھی کرسمس کی تقریب منعقد کرنے پر انتظامیہ اور منیجنگ ڈائریکٹر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرسمس امن و محبتوں کے فروغ کا تہوار ہے۔