ای سی سی کی متعلقہ وزارتوں کوصوبوں کے ساتھ مل کرکسانوں کیلئے کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

20

اسلام آباد،13دسمبر  (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے  متعلقہ وزارتوں کوصوبوں کے ساتھ مل کرکسانوں کیلئے کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی  ہے ،کمیٹی نے مقررہ سے زیادہ قیمت پرکھادیں فروخت کرنے والے ڈیلروں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)  کااجلاس بدھ کویہاں نگران وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اخترکی زیرصدارت منعقد ہوا۔   اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی سمیع سعید، وزیرنجکاری فوادحسن فواد، وزیرپاورمحمدعلی، وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ڈاکٹروقارمسعود، وفاقی سیکرٹریز، سینئرحکومتی اورمتعلقہ وزارتوں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت توانائی (پاورڈویژن) کی جانب سے پی پی اے اے، آئی سی اے، ٹی ڈی اے اورمیڈیشن معاہدوں کے مسودہ کی منظوری سے متعلق سمری پیش کی گئی،یہ معاہدے کے الیکٹرک کے ساتھ کئے جائیں گے۔پاور ڈویژن کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ معاہدے کے الیکٹرک اورمختلف حکومتی اداروں کے درمیان امورکوحل کرنے کیلئے وزیرعظم کی طرف سے قائم شدہ ٹاسک فورس کی سفارش پرتیارکے گئے ہیں۔معاہدوں پردستخط سے دیرینہ عرصہ سے زیرالتوامسائل حل ہوں گے، باقاعدہ ادائیگیوں کومرکزی دھارے میں لایا جائے گا اورگردشی قرضہ میں اضافہ بھی نہیں ہوگا۔ اجلاس میں سمری پرتفصیلی گفتگوہوئی اورپاورڈویژن کومزیدمعلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ ای سی سی کی جانب سے اٹھائے جانیوالے نکات کی وضاحت ہوسکے، اضافی معلومات کی فراہمی کے بعد ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں اس معاملے کاجائزہ لینے کافیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی اورپاکستان شماریات بیورو کی جانب سے افراط زرکی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں قیمتوں کے کلیدی اشاریوں سے متعلق اعدادوشمارپیش کئے گئے۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ افراط زرکادباؤ برقراررہے گا تاہم مئی 2023میں 38 فیصد کی بلندترین شرح کے بعد اس میں بتدریج کمی آرہی ہے۔

اجلاس کوبتایاگیا کہ توانائی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کے بعد افراط زرکا کم ہوتا رحجان رک گیاہے جس کی وجہ سے نومبرمیں افراط زرکادباؤ 29.2 فیصد ہوگیا،اجلاس کوبتایاگیا کہ روپیہ کی قدرمیں بہتری اوراستحکام کے نتیجہ میں 12مہینوں میں افراط زرکے حوالہ سے توقعات کم ترین سطح پرہے۔

ای سی سی نے متعلقہ وزارتوں کوصوبوں کے ساتھ مل کرکسانوں کیلئے کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے مقررہ سے زیادہ قیمت پرکھادیں فروخت کرنے والے ڈیلروں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔