اے پی پی کی پرنٹ ، الیکٹرنک و ڈیجیٹل میڈیا سروسز کا معیار دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جارہا ہے ،مینیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی ، محمد عاصم کھچی

1206

(نیو ز رپورٹ)

پانچواں سات روزہ عالمی ابلاغ عامہ کا اجلاس چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگڑو اور صوبہ یونان کے شہر کنمنگ میں2 دسمبر سے جاری ہے۔ اجلاس کے شرکاءکا تعلق دنیا کے مختلف خطوں کے 100 سے زائد ممالک سے ہے۔ ان شرکاءمیں تقریباً 200 مین سٹریم میڈیا آوٹ لیٹس، تھنک ٹینکس اور سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

4دسمبرکو پیر کے روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مینیجنگ ڈائریکٹر جناب محمد عاصم کھچی نے ڈیجیٹل دور میں میڈیا کی ترقی کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے رابطے کے مواقع، متنوع مواد کی تخلیق اور عالمی مباحثہ سے مستفید ہونے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ میڈیا کی ترقی کیلئے آزادی اظہار اور ذمہ دارانہ صحافت کے درمیان توازن قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

جناب عاصم کھچی نے کہا کہ میڈیا اپنی ڈیجیٹل موجودگی میں توسیع اور معلومات کی عالمی رسائی میں اضافہ کے ذریعے آن لائن سامعین کو بڑھانے کیلئے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ میڈیا کو بطور ذرائع آمدن استعمال کرنے کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز بشمول سبسکرپشنز، اشتہارات اور سپانسر شدہ مواد کا فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا مباحثوں اور مفید معلومات کے ذریعے عوام کی شمولیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔بطور ایم ڈی اپنے ادارے اے پی پی کے حوالے سے انہوں نے حاضرین کوبتایا کہ ادارہ چینی زبان سمیت متعدد ریجنل اور بین الاقوامی زبانوں میں اپنے پرنٹ میڈیا کی سروسز کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیاکے دائزہ کار کو بھی وسعت دے رہا ہے۔

ادارہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا کے ذریعے متنوع قارئین سے منسلک ہو کر ملٹی میڈیا سٹوری ٹیلنگ کو اختیار کر کے اور عالمی سطح پر شنوا سمیت مختلف نیوز نیٹ ورکس کے ساتھ تعاون کر کے میڈیا کے جدید مواقع سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔

ایم ڈی اے پی پی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پانچواں عالمی میڈیا اجلاس میڈیا کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے سیکھنے میں مدد دے گا اور اس ڈیجیٹل دور میں میڈیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ بیانیہ سامنے لائے گا۔