بیت المال میں شفافیت کو فروغ دینے کیلئے پی ایم ٹی سکور سسٹم کو ادارے میں لاگو کر دیا گیا ہے ؛ ایم ڈی عامر فداپراچہ

37

اسلام آباد، 15 دسمبر (اے پی پی): منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ  نے کہا ہے  کہ پاکستان بیت المال نے اپنی تمام خدمات کے شعبوں میں انسانی مداخلت یا روایتی سرخ فیتے کا خاتمہ کر دیا ہے، شفافیت کو فروغ دینے کیلئے پیپرلیس اور ڈیجیٹل عمل کے ذریعے ورلڈ بینک اور دیگر عالمی اداروں کی سفارشات پر مبنی پی ایم ٹی سکور سسٹم کو ادارے میں لاگو کر چکا ہے جس سے خدمات تک رسائی آسان تر ہو گئی ہے۔

بروز جمعہ یہاں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے عامر فدا پراچہ نے کہا کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ڈیجیٹل سسٹم کو ادارہ جاتی بہتری کیلئے استعمال کر رہے ہیں جس سے بینیفشریز مینجمنٹ میں بہت بہتری آئی ہے۔پاکستان بیت المال میں اب ای ایم آئی ایس، ای گورننس اور ڈیجیٹل طریقہ کار اپنا یا جا رہا ہے۔تمام سویٹ ہومز کی ڈیجیٹل کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے ،یتیم بچوں کے کفالتی ادارے، پاکستان سویٹ ہومز میں قیام وطعام اور تعلیم کی سہولت کو میٹرک کی بجائے انٹرمیڈیٹ تک بڑھا دیا گیا ہے اور اس کے بعد بھی یونیورسٹی کی تعلیم تک کے اخراجات ادارہ برداشت کریگا ۔

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ  نے کہا   کہ  ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور فنڈز اور پینشن سسٹم میں بہتری لانے کیلئے محکمے میں آٹو میشن کا آغاز کیا ہے، اب ملازمین اپنے جی پی فنڈزاور ایڈوانس وغیرہ کیلئے ایم آئی ایس سسٹم کے ذریعے آسان رسائی حاصل کر سکتے ہیں،ادارے میں ایک نئے ڈائریکٹوریٹ کا اضافہ کیا ہے تاکہ ڈونر ایجنسیوں اور مخیر حضرات کیساتھ مل کر شراکت داری کو فروغ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ، فنڈز اور پینشن سسٹم میں بہتری لانے کیلئے محکمے میں آٹو میشن کا آغاز کیا ہے جس سے روایتی رکاوٹوں کو دور کرنے میں بہت مدد ملی ہے ۔

عامر فدا پراچہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال میں ایک نئے ڈائریکٹوریٹ پی اینڈ آئی کو بھی تشکیل دیا گیا ہے جو مرکزی سطح پر ملک بھر کے تمام دفاتر میں ہونے والی بولی یا ٹینڈر ز کے عمل کو پیپرا ای پیڈ کے مطابق جلد از جلد بنیادوں پر نمٹا سکے گااور اس عمل میں مزید شفافیت لائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ ایک بین الاقوامی ادارے نے بیت المال کیساتھ شراکت داری کرتے ہوئے سماعت سے محروم بچوں کو کوکلیئر امپلانٹ لگانے اور انکے علاج کیلئے گرانٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔