لاہور،7دسمبر (اے پی پی): چانسلر/گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو طلبا و طالبات کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے، یونیورسٹیوں کا سب سے اہم کام ریسرچ اور ڈویلپمنٹ ہے، ریسرچ فنڈز کو بڑھانا چاہیئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں یونیورسٹی سینیٹ کے 15 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔اجلاس میں نظر ثانی شدہ بجٹ 2022-23 اور مجوزہ بجٹ 2023-24 کی منظوری سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز اور یونیورسٹی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ایک قابل اعتبار شخصیت ہیں ان کی سربراہی میں ادارے میں طلبا کے لیے سکالرشپس سمیت کئی بہتریاں کی گئی ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا میں سمارٹ کلاس رومز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں بھی جدید تعلیم کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کو ربوٹک سرجری میں رول ماڈل بننا چاہیے جس کے لئے ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف مشن میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا کلیدی کردار رہا ہے۔
اجلاس میں پرو چانسلر وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم، وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر خالد مسعود گوندل، رجسٹرار پروفیسر سید اصغر نقی، پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، سپیشل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب عمر سعید، ایڈیشنل سیکرٹری جعفر خان، ڈپٹی سیکرٹری ظل ہما،ڈپٹی سیکرٹری فنانس سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن شاہدہ فرخ، نمائندہ فنانس، ڈینز ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور یونیورسٹی سے ملحقہ9 ہسپتالوں کے ایم ایسز نے شرکت کی۔