حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے ، حج پر جانیوالے تمام افراد پاکستان کے سفیر ہیں؛ نگران وفاقی وزیر انیق احمد

23

اسلام آباد،22دسمبر (اے پی پی ) :نگران وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر انیق احمد نے کہا ہے کہ حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے، اس دفعہ خواتین کو پہلی دفعہ عبایا بھی دیا جائے گا جس پر پاکستانی پرچم بنا ہو گا، حج پر جانیوالے تمام افراد پاکستان کے سفیر ہیں۔

آج یہاں اسلامی یونیورسٹی میں 5 روزہ حجاج ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کی اختتامی تقریب کے موقع پر دعوة اکیڈمی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ مسلمان ایثار کا جذبہ رکھتا ہے اور دوسروں کے لیے بھلائی کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے، دعوة اکیڈمی کی تربیت یافتہ آپ خواتین حج پر جانیوالی بہنوں کی بھرپور رہنمائی کر رہی ہیں جو مناسک حج ادا کرنے میں مدد گار ہو گی اور وہ حج جیسے مذہبی فریضہ کو بھرپور انداز میں ادا کر سکیںگی، حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے۔

 انہوں نے ہال میں موجود خواتین سے کہا کہ خواتین دینی اقدار سکھاتی ہیں، ہمیں دین کو نسلوں میں اتارنے کی ضرورت ہے، کلچر کو دین نہ بنایا جائے، روز آخرت میں ان ماؤں جن کے پاؤں تلے جنت رکھی گئی ہے سے بھی سوال ہوگا کہ انہوں نے بچوں کی کس طرح تربیت کی اور انکے ہوتے ہوئے خدا نخواستہ انکے بچے جہنم میں کیسے پہنچ گئے؟۔

 اس 5 روزہ حجاج ماسٹر ٹرینرز کورس میں ملک بھر سے 53 خواتین شامل تھیں۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے  ٹریننگ کورس کے شرکاء اور دعوة اکیڈمی کو وزارت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔