خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا شالامار باغ لاہور کا دورہ، تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے حکومت پنجاب کی کوششوں کی تعریف

16

 

لاہور،15دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ و خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے جمعہ کے روز شالامار باغ لاہور کا دورہ کیا اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کی کوششوں کو سراہا۔ شالامار باغ پہنچنے پر خاتون اول ثمینہ عارف علوی کا استقبال ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری اورامچور گارڈنرز کلب کی چیئر پرسن نوشین سرفراز نے کیا اورانھیں   خوش آمدید کہا۔  امچور گارڈنرزکی چیئر پرسن نوشین سرفراز نے  اس مو قع پر خاتون اول کو شالامار باغ میں درختوں و پودوں اور پھولوں کے بارے جاری شدہ کامو ں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے خاتون اول کو شالامار باغ کی تزئین و آرائش اور تحفظ کے حوالے سے جاری کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

 بیگم ثمینہ عارف علوی نے آثار قدیمہ کے ورثے کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت اور والڈ سٹی آف لاہور کی کوششوں کو سراہا اور دیکھ بھال کے اعتبار سے شالامار باغ کی انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ بعد ازاں خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے شالامار باغ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

آخر میں ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے  خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کو شیلڈ پیش کی۔