خصوصی افراد معاشرے کے جواہر ہیں، انکی صلاحیتوں سے استفادہ کی ضرورت ہے؛ مشعال حسین ملک

29

راولپنڈی، 07 دسمبر(اے پی پی ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق، مشال حسین ملک نے خصوصی ضروریات کے حامل افراد کی معاشرے میں پہچان پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد معاشرے کے جواہر ہیں اور انکی حقیقی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے لیے جامع طرز عمل اپنانے کی  ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے معذور افراد کے عالمی دن کے سلسلے میں پنجاب کونسل آف آرٹس راولپنڈی کے زیر اہتمام اور گورنمنٹ ڈگری کالج فار سپیشل ایجوکیشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق، مشال حسین ملک نے وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری 100 روزہ پلان میں خصوصی ضروریات کے حامل افراد کے لیے خصوصی انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

تقریب میں مختلف خصوصی تعلیمی اداروں کے طلباء نے قومی ترانہ، حب الوطنی پر مبنی گیت، کلام اقبال پیش کرکے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر مشال حسین ملک اور فوکل پرسن سبین ملک نے تقریب کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منتظمین اور شرکاء میں شیلڈز تقسیم کیں۔