دنیا میں انسانیت کی بھلائی امن سے ہے، ہمیں محبتوں کو بڑھانا ہے اور نفرتوں کو کم کرنا ہے؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

30

 

لاہور، 23 دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ عوامی سطح پر روابط دنیا کے مختلف لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بہت اہم ہیں، دنیا میں انسانیت کی بھلائی امن سے ہے، ہمیں محبتوں کو بڑھانا ہے اور نفرتوں کو کم کرنا ہے۔

ان خیالات  کا  اظہار ا نہوں  سکھ کمیونٹی کے وفد سے گفتگو میں کیا،وفد نے   ہفتہ کویہاں  مصنفہ، کالم نگار و سابق ڈائریکٹر جنرل پلاک ڈاکٹر  صغرا صدف کی سربراہی میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے ملاقات کی۔ وفد میں امریکہ اور کینیڈا سے ائے ادب، تعلیم اور بزنس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے سکھ کمیونٹی کے افراد شامل تھے ۔ وفد میں اشوک سنگھ بھارا،  ڈاکٹر گرپریت، جیتندر طور، کلونت کور، سریندر سنگھ  سمیت دیگر شامل  تھے۔

گورنر پنجاب نے وفد کو گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہا اور انہیں گورنر ہائوس لاہور کی تاریخی حیثیت سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر روابط دنیا کے مختلف لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بہت اہم ہیں۔ دنیا میں انسانیت کی بھلائی امن سے ہے۔ انہوں  نے کہا کہ فلسطین میں معصوم شہریوں بالخصوص عورتوں اور بچوں پر مظالم  انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ تمام دنیا کو فلسطین میں جاری مظالم کو روکنے کے لیے آواز اٹھانی چاہیئے۔ انہوں  نے کہا کہ ہمیں محبتوں کو بڑھانا ہے اور نفرتوں کو کم کرنا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔

 ڈاکٹر صغرا صدف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر کرنے میں معاون ہوتے ہیں ۔ ڈاکٹر اشوک بھاورا نے کہا کہ عالمی پنجابی کانفرنس پنجابی زبان کے فروغ کے لیے ایک بہترین کاوش تھی۔

وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں گورنر ہائوس لاہور مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وفد کے شرکاء نے کہا کہ پاکستانی مہمان نواز اور امن پسند ہیں۔ پاکستان کے لوگوں نے بہت پیار دیا، یہاں سے خوبصورت یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ پنجابی  زبان کے فروغ کے لیے کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے ۔