دہشت گردی اس وقت ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس سے ہمیں مل کر نمٹنا ہے، سرفراز احمد بگٹی

60

اسلام آباد،12دسمبر(اے پی پی ): نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا  ہے کہ دہشت گردی اس وقت ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس سے ہمیں مل کر نمٹنا ہے۔

اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا  یہ چیلنج اس لئے بنا کہ  بد قسمتی سے ماضی  میں دہشت گردوں کے ساتھ بات چیت کر کے انہیں دوبارہ پنپنے کا موقع دیا گیا جس کا اب ہمیں دہشت گردی کی صورت میں سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دراندازی کو سمجھنا پڑے گا ، اگر ہم در اندازوں کو اپنے ملک میں جگہ دیں گے تو پھر اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے ریاست کو بہت  سخت اقدامات کرنے پڑتے ہیں، جس کا رد عمل ہمیں دہشت گردی کی صورت میں دیکھنا پڑتا ہے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ ایک  گوریلا وار فئیر ہے ،حملہ کرنے کا وقت اور جگہ کے تعین  کا  فیصلہ دہشت گردوں کے ہاتھ میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے ایک ایک انچ کو محفوظ بنانا ہے، دہشت گرد ہماری کسی بھی خامی یا کمی کاتاہی کو جواز بنا کر حملہ کر سکتے ہیں لہذا ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہے تاکہ ہم دہشت گردی جیسے ناسور کا خاتمہ کر سکیں۔

نگران وزیرِ داخلہ نے کہا کہ  ہمیں دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا، ہم نے تہیہ کیا ہے کہ ہم یہ جنگ ہر صورت لڑیں گے اور ہم اس کی استعداد بھی رکھتے ہیں، مگر اصل مسئلہ اس جنگ کے خلاف ایک موثر بیانیے کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف ایک قومی بیانیہ بنانا ہے، ہم اس وقت کنفیوژن کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی قسم کی کارروائی کا حق صرف ریاست کے پاس ہے اگر ہم اس ایک نقطے کو سمجھ لیں گے تو اس جنگ کو لڑنے میں آسانی ہو جائے گی۔

غیر ملکی تارکین وطن کے انخلاء  کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ اس کا  کا بنیادی مقصد ملک کا تحفظ ہے ، ہم اپنے ملک کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں، جس نے ہمارے ملک میں کاروبار کرنا ہے یا سیاحت کے لئے آنا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلے ویزہ حاصل کرے باقاعدہ اجازت لے پھر ہمارے ملک میں آئے۔