سینیٹر اسحاق ڈار سے ٹرانس نیشنل ریسرچ کارپوریشن کے صدر کی قیادت میں معروف سرمایہ کاری کے اداروں کے وفد کی ملاقات

44

 

اسلام آباد،8دسمبر  (اے پی پی):سینیٹ میں قائدایوان سینیٹر اسحاق ڈار سے ٹرانس نیشنل ریسرچ کارپوریشن کے صدر مارک زیپوت کی قیادت  میں دنیا کے معروف سرمایہ کاری کے اداروں کے وفد نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد میں دنیا کے سرکردہ سرمایہ کاری کے اداروں کے پورٹ فولیو منیجرز، ماہرین اقتصادیات اور خودمختار تجزیہ کاروں کی نمائندگی کرنے والے شامل تھے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے معاشی خوشحالی کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔  انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منظر نامے کا ایک جامع جائزہ پیش کیا اور   ملک کے اقتصادی نقطہ نظر، آئی ایم ایف پروگرام اور نجکاری کے اقدام جیسے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا ۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کو 17۔2013  کے دوران پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ قائدایوان اسحاق ڈار نے سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دینے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اہم کردار پربھی زور دیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے وفد کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے۔