سیکرٹری داخلہ نے پریکٹیشنرز کی ہینڈ بک ‘نیویگیٹنگ ایکسٹراڈیشن ان پاکستان’ کا اجراء کردیا

9

 

 

اسلام آباد،15دسمبر  (اے پی پی):وزارت داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کوڈ پاکستان اور ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لاء کے ساتھ مل کر ایک ہینڈ بک ‘‘نیویگیٹنگ ایکسٹراڈیشن ان پاکستان’’ تیار کی جس کا اجراء وفاقی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے جمعہ کو یہاں کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حوالگی ایک رسمی عمل ہے جس کے تحت ایک ریاست درخواست کرنے والے ملک کے دائرہ اختیار میں ہونے والے جرائم پر مقدمہ چلانے یا سزا کے لیے کسی فرد کو دوسری ریاست کے حوالے کر دیتی ہے۔ یہ زیادہ تر ایک معاہدے کے ذریعے ہوتاہے، تاہم، کچھ معاملات میں یہ انفرادی مفاہمت کی یادداشت کی بنیاد پر اور کیس ٹو کیس کی بنیاد پر ہوتا ہے ۔

ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ  حوالگی کے عمل کوبڑے پیمانے پر  سمجھنے کی ضرورت ہے،اس کی ٹائم لائنز بہت لمبی ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘پریکٹیشنرز ہینڈ بک’ کا مقصدپیشہ ور افراد بشمول سرکاری افسران جو کہ حوالگی کی درخواستوں کو نمٹنانے کے مرحلے میں شامل ہیں،کے لیے ایک جامع ذریعے کے طور پر کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حوالگی کے عمل  کے طریقے کی تفصیلی اور منظم  دستاویزات  فراہم کرتی ہے جس سے حوالگی کی درخواستوں پر تیزی سے  کارروائی کی جا سکے گی ۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ یہ ہینڈ بک ملزمان کے تبادلےاورحوالگی کے  عمل  کو بہتر بنانے  میں معاون ہو  گی اور تاخیر کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعاون کو مضبوط کرےگی ۔

تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور اسلام آباد کے چیف کمشنر نے بھی شرکت کی۔دیگر مہمانوں میں وزارت داخلہ، خارجہ امور، قانون و انصاف کے ساتھ ساتھ اقتصادی امور ڈویژن، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور مالیاتی مانیٹرنگ یونٹ ، سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن پاکستان، ایف بی آر اور وفاقی اداروں، ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام شامل تھے ،پاکستان میں سنگین اور منظم جرائم کے شعبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی ہینڈ بک کے اجراءکی تقریب میں شرکت کی۔