صوبہ بھر میں منعقدہ کرسمس پروگرامز اور مسیحی عبادتگاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

18

 

لاہور، 18 دسمبر( اے پی پی ): صوبہ بھر میں منعقدہ کرسمس پروگرامز اور مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں ریونڈر ڈاکٹر خالد ایم ناز کی قیادت میں مسیحی برادری کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔

چیئرمین پیس مشن انٹرنیشنل چرچ ڈاکٹر خالد ایم ناز کی قیادت میں آئے مسیحی وفد میں پیٹر نیامت، انسپکٹر شاہد مسیح، نعیم اور امن شامل تھے۔ آر پی او ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دوران ملاقات کرسمس کی آمد اور حضرت عیسٰی علیہ السلام کی یوم ولادت کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔

آئی جی پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی طرح ہے، مسیحی برادی وملازمین کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ صوبے کی تمام پولیس لائنز اور دفاتر میں مسیحی ملازمین کے لئے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے میثاق سنٹرز لاہور سمیت تمام اضلاع میں مسیحی شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ چیئرمین پیس مشن انٹرنیشنل چرچ ڈاکٹر خالد ایم ناز نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انوراور آر پی او ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری کو گلدستے پیش کئے۔