عوامی ایکشن کمیٹی اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر اصولی اتفاق

25

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):عوامی ایکشن کمیٹی اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا،عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا،واپڈا کے ذریعے پیدا ہونے والی بجلی پر فی یونٹ لاگت کا تعین اور مضمرات کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔

بدھ کو آزادجموں و کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ،چئیرمین مذاکراتی کمیٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، وزراء حکومت میاں عبد الوحید ، سردار ضیاء القمر وجموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے شوکت نواز میر اور نمائندگان کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں چیئرمین مذاکراتی کمیٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے معاہدہ پڑھ کر سنایا۔

معاہدہ کے مطابق حکومتی مصالحتی کمیٹی اور جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان چارٹر آف ڈیمانڈ پر سوائے بجلی کی فی یونٹ لاگت کے تعین باقی تمام معاملات بمطابق چارٹر آف ڈیمانڈیکسو ہو چکے ہیں،اب وجہ تنازعہ واپڈا کے ذریعے پیدا ہوئی پن بجلی کی پیداواری لاگت کا تعین ہے جس کے لئے حکومت اصولی طور پر اس امر پر متفق ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے گا،اس کے لئے طریق کار طے کرنے نیز سارے عمل کے مالی مضمرات کا جائزہ لینے کے علاوہ جملہ متعلقین بشمول کابینہ ،اسمبلی کو اعتماد میں لیتے ہوئے آمدہ دو ہفتوں میں عمل درآمد کیا جائے گا،عوامی ایکشن کمیٹی نے کل 21 دسمبر کو بجلی کے بلات جلانے کی کال واپس لے لی ہے۔

وزیر حکومت فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے خلوص نیت سے عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کئے،وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفاق پاکستان کے اداروں اور قومی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں آزادکشمیر کے مسائل کو تدبراور  خوبصورتی سے اجاگر کیا ہے۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا،وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ یہ مطالبات میرے الفاظ ہیں،حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدہ لکھا گیا،جو چیزیں حکومت کے اختیار میں ہیں وہ حل کریں گے۔

راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اپنی آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوے معاملات کا حل نکالا جائے گا،ماسوائے بجلی کی فی لاگت کے تمام امور طے ہو چکے ہیں،حکومت پوری نیک نیتی کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرے گی۔عوامی ایکشن کمیٹی  نے 21 دسمبر کو بل چلانے کی کال واپس لے لی ہے،حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کی نیک نیتی اور  خلوص کو سراہتے ہیں۔