لاہور،22دسمبر( اے پی پی ): بینک آف پنجاب کی جانب سے روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلئے مفت ہیلمٹ تقسیم کرنے کی مہم شروع کردی گئی،چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سول سیکرٹریٹ میں ہیلمٹ تقسیم کر کے مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ مہلک حادثات کی روک تھام کیلئے روڈ سیفٹی بارے آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے،بینک آف پنجاب کی جانب سے مہم کا آغاز قابل ستائش ہے،اپنے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے سے مہلک حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے بھی ہیلمٹ تقسیم کئے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ داخلہ، خزانہ کے سیکرٹریز اور بینک آف پنجاب کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔