اسلام آباد، 7 دسمبر ( اے پی پی ): سیکرٹری جنرل آل پارٹیز حریت کانفرنس شیخ عبدالمتین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کو فوری ایکشن لینا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل آل پارٹیز حریت کانفرنس شیخ عبدالمتین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یوتھ فورم فار کشمیر کیجانب سے کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں کیا۔
سیکرٹری جنرل آل پارٹیز حریت کانفرنس شیخ عبدالمتین نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر منافقت کا مظاہرہ کررہی ہے، انسانی حقوق کے چیمپئنز کو مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی کی خلاف ورزیاں کیوں نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری، وار آف ویپن کے طور استعمال کررہا ہے،ہماری بہنیں و قائدین تہاڑ جیل میں بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔
فلسطین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نادر الترک نے سیمینار سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت دنیا کے ہر انسان کو بنیادی انسانی حقوق ملنے چاہئیں، اسرائیل فلسطینیوں کے انسانی حقوق کو روند رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو فلسطینیوں کے خلاف ہونیوالے انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔
یوتھ فورم کشمیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر زمان باجوہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو تنازعہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کلچر اور انسانی کہانیوں کے ذریعے تنازعہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔
سیمینار میں عورت فاونڈیشن کی ریجنل کوآرڈینیٹر ممتاز مغل، زمان باجوہ، ڈاکٹر عبد الرزاق اور بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔