ملتان؛ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں گھڑ سوار نیزا بازی کا انعقاد

43

ملتان،22دسمبر(اے پی پی ): ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں نیزا بازی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملتان ٹینٹ پیگنگ کلب،ایشیا ٹینٹ پیگنگ کلب اور آل عمران ٹینٹ پیگنگ کلب نے حصہ لیا، ہر ٹیم اپنی پہچان اور شناخت کے لیے رنگ برنگے  زرق برق لباس پر واسکٹ پہنے ہوئے تھے، گھڑ سوار نیزا بازی کے مقابلہ جات  کمشنر ملتان انجینئر عامر خان خٹک، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی راؤ آصف علی، پروفیسرز، ایڈمن سٹاف اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے دیکھا۔

 نیزہ بازی برصغیر پاک و ہند کا مقبول کھیل ہے، پاکستان   میں اس کھیل میں نیزے کا لیکن پڑوسی ملک بھارت میں تلوار کا استعمال کیا جاتا ہے۔ نیزا بازی کا کھیل دو طرح سے کھیلا جاتا ہے ایک میں کھلاڑی انفرادی حیثیت سے شریک ہوتا ہے اور دوسرے میں بیک وقت چار گھڑ سواروں کی ٹیم نیزا بازی کرتی ہے جسے سیکشن کہا جاتا ہے۔

 کھلاڑی کے سامنے زمین میں لکڑی کے ٹکڑے کو دبا دیا جاتا ہے جسے گھڑ سوار نیزا باز اپنے نیزے کی انی یعنی نوک  سے نشانہ بناتا ہے اگر وہ لکڑی کے ٹکڑے کو نشانہ بنانے کے بعد تقریباً دس فٹ کے فاصلے تک اپنے نیزہ کو سنبھالے رکھے تو اسے چار پوائنٹ مل جاتے ہیں اور وہ کھیل کے اگلے مرحلے میں پہنچ جاتا ہے اور اگر وہ اپنے پہلے مرحلے میں نشانہ درست نہ لگا پائے تو اسے ایک اور موقع اور دو پوائنٹ دیئیے جاتے ہیں اور اگر گھڑ سوار اپنے ہدف کو مکمل طور پر ٹارگٹ کرنے میں ناکام ہوجائے تو وہ مقابلہ سے باہر ہوجاتا ہے۔

 گھڑ سوار نیزہ بازی کا کھیل جوانمردی، دلیری اور بہادری کا کھیل مانا جاتا ہے۔