اسلام آباد،27 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی ویب سائٹ کو عام لوگوں و شکایت کنندگان کے لیے سہل اور دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے ادارے کی نئی ویب سائٹ کا اجراءکر دیا گیا ہے ،جس میں اہم معلومات اور مندرجات کو انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں پیش کرنے کے علاوہ اس کی رفتار کار میں اضافہ بھی شامل ہے۔
ویب سائٹ کا افتتاح وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کیا ،اس ویب سائٹ کے ذریعے عام لوگوں اور شکایت کنندگان کو نہ صرف بنیادی معلومات کی آسان فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے گا بلکہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے کم پڑھے لکھے افراد اردو میں دی گئی معلومات سے براہ راست مستفیدہو سکیں گے اور انہیں وفاقی محتسب سے رابطہ کرنے ، شکایات درج کرانے اور ان شکایات پر ہونے والی کارروائیوں سے آگاہ رہنے میں بھر پور سہولیات میسر ہوں گی۔
اس موقع پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے افسران کے علاوہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے اس ویب سائٹ کو بہتر اور مزید فعال بنانے میں مدد دی ۔