لاہور، 21 دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ نفسیاتی صحت بہت اہم ہے، مثبت سوچ اپنانے سے بہت سے نفسیاتی مسائل حل ہو سکتے ہیں، معاشرے میں مادیت پرستی کی وجہ سے نفسیاتی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سائیکو لاجیکل ایسوسی ایشن کے نو منتخب ارکان کے وفد سے گفتگو میں کیا۔وفد نے جمعرات کو یہاں صدر پی پی اے رافعہ رفیق کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر تنویر کیانی، جنرل سیکریٹری عرفان کسانہ، ڈاکٹر فرحانہ کاظمی نائب صدر کے پی کے، رخسانہ محمود ایڈیشنل سیکرٹری سمیت تنظیم کے پورے ملک سے آئے ہوئے عہدیداران شامل تھے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے وفد سے گفتگو میں ہدایت دی کہ لوگوں میں نفسیاتی صحت سے متعلق آگہی کے لیے سیمینارز، ورکشاپس کا انعقاد کریں اور سائیکالوجی میں نئے گریجوایٹس کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں حسن معاشرت کا درس ہے اور حسن معاشرت پر مبنی معاشرے کے قیام سے نفسیاتی مسائل کم ہوتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب کے بعد سیلاب متاثرین کو ٹراما سے نکالنے کے لیے میڈیکل یونیورسٹیوں کی ہیلتھ ٹیمز نے کام کیا۔
صدر پی پی اے رافعہ رفیق نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پاکستان سائیکو لاجیکل ایسوسی ایشن آن لائن ٹریننگز اور رضاکارانہ ٹریننگز کا انعقاد کر رہی ہے، پی پی اے خصوصی افراد سمیت معاشرے کے ہر طبقے کے افراد کو نفسیاتی کونسلنگ فراہم کر رہی ہے۔