لاہور5دسمبر ( اے پی پی ) نوسر بازی کا شکار ہونے والی بھارتی ریاست ہریانہ کی سکھ فیملی نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔سکھ فیملی نے ملزمان کی جلد گرفتاری، رقم و مال مسروقہ کی برآمدگی پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے جس طرح ہمارا خیال رکھا اسکی مثال نہیں ملتی،سکھ فیملی نے پنجاب پولیس کی پیشہ وارانہ قابلیت کی تعریف کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں، انکو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، یقینی بنائیں گے مستقبل میں ایسا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ خصوصی سیاحتی پیکج کے تحت سکھ یاتریوں کو رہائش، سفر اور سکیورٹی کی سہولت مہیا کی جارہی ہے پنجاب حکومت نے حال ہی میں سکھ یاترا بکنگ پورٹل کا آغاز کیا ہے۔پورٹل کے ذریعے دنیا بھر سے سکھ یاتری آن لائن ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے کہا کہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔ پنجاب پولیس نے ملزمان کو صرف چار روزکے اندر کراچی سے گرفتار کیا۔ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے سیف سٹی اتھارٹی اور پرائیویٹ سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی گئی۔











