لاہور، 21دسمبر(اے پی پی): نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں کرسمس کیک کٹنگ کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو، ڈائریکٹر انسانی حقوق ڈاکٹر محمد یوسف اور معروف پاکستانی گلوکار وارث بیگ نے شرکت کی۔
نولکھا پریسبیٹیرین چرچ کے ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے تقریب کی میزبانی کی۔ تقریب میں مختلف بشپس، ماڈریٹرز اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے شاندار تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر مجید ایبل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج یقینی طور پر ایک نہایت خوبصورت گلدستہ سجایا گیا۔ ڈائریکٹر انسانی حقوق پنجاب محمد یوسف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال قائم ہورہی ہے۔
ماڈریٹر پریسبیٹیرین چرچ ڈاکٹر مجید ایبل نے کرسمس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہر مذہب میں امن و محبت کا درس موجود ہے،انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔
تقریب میں بچوں کی جانب سے مختلف خاکے اور گیت بھی پیش کئے گئے۔ تقریب میں فلسطین اور غزہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
تمام مقررین نے پاکستان میں امن قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مجید ایبل نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کرائی۔ ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے بھائی چارے کی عملی مثال قائم کرتے ہوئے دیگر مہمانوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔