نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا چلڈرن اور جنرل ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ

6

 

لاہور، 16 دسمبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی رات گئے چلڈرن ہسپتال،جنرل ہسپتال،خدمت مرکز اوربند روڈ کے دورے پر پہنچے۔انہوں نے لگاتار ساڑھے چار گھنٹے زیر تکمیل پراجیکٹس اورسروسز کا جائزہ لیا۔  انہوں  نے چلڈرن ہسپتال میں ریڈیالوجی، میڈیکل ایمرجنسی، میڈیکل فور، اوپی ڈی کا دورہ کیا۔انہوں نے کینسر،ڈینٹل وارڈ اور آپریشن تھیٹر بھی دیکھے۔

وزیراعلیٰ نے  ہسپتال میں بائیو گیس پائپ کی انڈرگراؤنڈ فٹنگ کی ہدایت کی اور اے سی پلانٹ کی انسولیشن بھی دوبارہ کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے فرشی ٹائلز کا معیار چیک کیااور دوران تعمیر ڈھاپنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا اور مریض بچوں کا حال احوال دریافت کیا۔انہوں  نے گردوں کی خرابی کی وجہ سے داخل ننھے ابوبکر سے شفقت کا اظہار  کیا اور والدہ کو دلاسہ دیا۔

 بعدازاں  وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زیر تکمیل ایمرجنسی وارڈکا معائنہ کیا اور جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔

ہسپتالوں کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ فوراً لبرٹی خدمت مرکز پہنچ گئے اور وہاں موجود شہریوں سے صورتحال دریافت کی، وزیراعلیٰ کے دریافت کرنے پرمتعدد شہریوں نے عرصہ دراز سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کا اعتراف کیا۔انہوں نے لائسنس اورلرنر بنوانے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی۔