دوبئی، 2 دسمبر(اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور جمہوریہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ہفتہ کو یہاں کوپ28 کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مالدیپ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر ڈاکٹر محمد معیزو کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود خیر سگالی سے فائدہ اٹھانے کا عزم کیا۔
ملاقات میں اعلیٰ سطحی مکالمے اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون بالخصوص اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیاحت کے شعبوں میں بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی اور کلائمیٹ جسٹس کے حوالے سے نتیجہ خیز نتائج پر پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا اور مینگرووز اور دیگر موسمیاتی مزاحمتی پودوں کی شجرکاری کے شعبے میں مہارت کے اشتراک پر تبادلہء خیال کیا۔
وزیراعظم نے مالدیپ کے صدر کو پاکستان کی جانب سے مالدیپ کی حکومت اور عوام کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے علاقائی تعاون کے ذریعے جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کو فروغ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
مالدیپ کے صدر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے پرتپاک جذبات کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔