نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات سرفراز احمد بگٹی کا اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی کا دورہ ،فارنزک لیب کا افتتاح

31

 

اسلام آباد،15 دسمبر(اے پی پی ) :نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات سرفراز احمد بگٹی نے اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی کا دورہ کیاجبکہ سیکرٹری وزارت انسداد منشیات منیر اعظم اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل محمد انیق الرحمان ملک نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔

اس دوران وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات نے اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی میں فارنزک لیب کا افتتاح کیا،اس موقع پر وزیر داخلہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی اور فارنزک لیب پر کمانڈنٹ اکیڈمی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی میں فارنزک لیب کا قیام خوش آئند ہے،اس لیب کے قیام میں حکومت چین کے تعاون پر مشکور ہیں،اس لیب کے قیام سے انسداد منشیات کے حوالے سے مختلف ٹیسٹس اور رپورٹوں کے اجراءمیں آسانی پیدا ہو گی، جس سے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد ملے گی،اس کے ساتھ ساتھ قیمتی وقت کی بچت ہو گی اور ڈیٹا کو اکٹھا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات، دہشت گردی کی طرح ایک بڑا چیلنج ہے،یہ ناسور ہماری نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے در پہ ہے، اس مکروہ دھندے میں شامل تمام افراد کے خلاف سخت ترین ایکشن کو یقینی بنانا ہو گا، پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کونشے کی لعنت سے بچانا ہو گا،نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس ضمن میں اینٹی نارکوٹکس فورس کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔