ملتان، 06 دسمبر(اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے ریڈیو پاکستان ملتان میں جدید ترین خواجہ غلام فرید سٹوڈیو بلاک کا افتتاح کر دیا۔
وفاقی وزیر بدھ کو ریڈیو پاکستان ملتان سنٹر پہنچتے تو ڈی جی ریڈیو سعید احمد شیخ اور ریڈیو پاکستان کی ٹیم اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے جنوبی کوریا کے تعاون سے ریڈیو سینٹر ملتان میں اپ گریڈ کیے گئے جدید ترین خواجہ غلام فرید سٹوڈیو بلاک کا افتتاح کیا۔ریڈیو پاکستان ملتان میں خواجہ غلام فرید سٹوڈیو بلاک میں جدید ترین ڈیجیٹل سٹوڈیوز بنائے گئے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ادیبوں،شعراء ،صحافیوں اور لوک فنکاروں سے غیر رسمی مکالمہ بھی کیا۔مکالمے کے دوران انہوں نے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے پاس محدود وقت ہے اور اختیارات بھی محدود ہیں، نگران حکومت کے پاس بڑے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہے،محدود وقت میں بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس خطے کے ادیبوں ،شاعروں ،فنکاروں ،صحافیوں اور لوگوں نے ہمیشہ پیار ملا ہے ،ملتان کہ دھرتی کے لوگ اپنے لوگ ہیں ۔
وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ قانون کے مطابق ریڈیو سمیت تمام کارپوریشنز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مطابق چلانا ہوتا ہے،کارپوریٹ گورننس کے حوالے سے قانون سازی کی گئی، قانون سازی کارپوریٹ گورننس کو بہتر بنانے کیلئے کی گئی ہے۔کارپوریٹ گورننس سے اداروں کی آزادی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
نگران وزیر اطلاعات و نشریات نے ریڈیو پاکستان ملتان کے مسائل کے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔