اسلام آباد،14دسمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیرخزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداخترسے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گالے نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور دو طرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیرخزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے دوطرفہ بشمول تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔وزیر خزانہ نے فرانسیسی سفیر کو حکومت کی معاشی اصلاحات کے پروگرام سے آگاہ کیا اوربتایا کہ اس سے ملک میں معاشی اور مالی استحکام آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈبائی معاہدے کے تحت پہلا جائزہ کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومتی اقدامات سے مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ کم ہو گیا ہے۔
نگراں وفاقی وزیرخزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداختر نے سفیر کو نگراں حکومت کی جانب سے کی جانے والی اہم اصلاحات بشمول سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں کی نجکاری،زرمبادلہ اورایکسچینج ریٹ اور ایف بی آرمیں اصلاحات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عبوری حکومت مثبت انداز میں ایک مستحکم معیشت آنے والی سیاسی حکومت کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔
فرانسیسی سفیر نے ڈھانچہ جاتی واقتصادی اصلاحات کے ذریعے حکومت کی استحکام کی کوششوں کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حاصل کردہ مالیاتی استحکام نئی آنے والی سیاسی حکومت کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے آئی ایم ایف کا جائزہ کامیابی سے مکمل کرنے پر وزیر خزانہ کو مبارکباد بھی دی۔ سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت وسرمایہ کاری تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔











