وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی ملاقات، مزید انڈسٹریل پارک کے قیام پر تبادلہ خیال

20

 

کراچی، 30 دسمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری بورڈ گوہر اعجاز  اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر  نے جمعہ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات  کی ،  جس  دوران کراچی میں مزید صنعتی پارکس کے قیام کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر  وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعت کاری ہی معیشت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا واحد حل ہے اور یقیناً اس سے خوشحالی اور ترقی کے نئے راستے کھلتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اسٹیل مل کی 1500 ایکڑ زمین انڈسٹریل پارک کے لیے مختص کی گئی تھی اور اس کی ترقی سی پیک کے تحت چینی حکام کو تفویض کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے اپنے صنعتی یونٹس قائم کرنے کے لیے اسے چینی حکام کے حوالے کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دھابیجی انڈسٹریل زون کی ترقی کا آغاز کر دیا ہے اور سٹیل ملز میں ایک اور انڈسٹریل پارک کی ترقی ایک بہترین اقدام ہو گا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ ملک کو ایسے صنعتی یونٹس کی ضرورت ہے جو صرف برآمد کے لیے سامان تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زرمبادلہ کمانے کے لیے برآمدات کی ضرورت ہے، ورنہ ملک جاری صنعتی ترقی میں پیچھے رہ جائے گا۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اسٹیل مل میں انڈسٹریل پارک تیار اشیاء کی برآمد کو فروغ دینے کے علاوہ براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے 10 لاکھ سے زائد مواقع پیدا کرے گا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، وفاقی سیکرٹری تجارت صالحہ فاروقی، سیکرٹری وفاقی بی او آئی سہیل راجپوت اور دیگر نے شرکت کی۔