لاہور،9دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے عراق کے سفیر حامد عباس لفطا نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور مذہبی سیاحت اور ثقافت کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعلی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، عراق اور پاکستان کے عوام میں عقیدت،محبت اوراخلاص کے رشتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کا بہت پوٹینشل ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے، لاہور میں سرمایہ کاری کیلئے فسیلییٹیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے جس میں 20 وفاقی و صوبائی محکموں کے دفاتر ایک چھت تلے موجود ہونگے،بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے 106 این او سیز دو ہفتے میں جاری کئے جائیں گے۔ ایسے سنڑرز راولپنڈی، ملتان، گوجرانولہ اور دیگر بڑے شہروں میں ایک ماہ میں فعال ہونگے۔
محسن نقوی نے کہا کہ عراق اورپنجاب کے درمیان مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
عراقی سفیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔باہمی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم اور پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔