وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کا دورہ چین کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

5

 

 بیجنگ،16 دسمبر(اے پی پی ):وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کا انتہائی کامیاب دورہ مکمل کیا۔ دورہ، چین کے تین اہم شہروں پر محیط تھا، جن نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔

وفد نے چائنا پاکستان ٹیکسٹائل سمٹ میں شرکت کی، یہ ایک اہم تقریب تھی جس نے دونوں ممالک کے صنعت کاروں کو اکٹھا کیا۔ ملاقات کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور تعاون میں اضافے کے مواقع تلاش کرنا تھا۔

اس دورے کے دوران ایک اہم سنگ میل چائنہ چیمبرز آف کامرس اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن  کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط تھا۔ یہ معاہدہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے اور باہمی مفادات کو فروغ دینے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

تاجروں پر مشتمل وفد نے اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ نتیجہ خیز بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں کیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حتمی مقصد کے ساتھ ٹیکسٹائل کی درآمدات اور برآمدات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تجارت کے مواق تلاش کرتے ہوئے، مندوبین نے متعدد شعبوں میں ممکنہ مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی۔ یہ پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری ترقی کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ وژن کی مثال ہے۔

مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مندوبین نے دونوں ممالک کے کاروباری افراد کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ بات چیت میں پاکستان کی صنعتوں میں ویلیو ایڈیشن کو بڑھانے کے لیے جدید چینی ٹیکنالوجی کا استعمال شامل تھا۔

اس دورے کا مرکزی نقطہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں چینی ٹیکنالوجی کی منتقلی کو یقینی بنانا تھا۔ مندوبین نے اس بات پر تفصیلی بات چیت کی کہ یہ منتقلی کس طرح پاکستان میں جدت اور معاشی ترقی کو آگے بڑھا سکتی ہے۔

پاکستان کی جی ڈی پی نمو پر چینی سرمایہ کاری میں اضافے کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے، وفد نے چینی برآمد کنندگان کے لیے پاکستان کے ذریعے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور افریقہ کی منڈیوں تک پہنچنے کے تزویراتی مواقع پر زور دیا۔