وفاقی محتسب سیکرٹریٹ غریبوں کی عدالت ہے جس کا مقصد پسماندہ طبقے کی داد رسی کرنا ہے ،اعجاز احمد قریشی

21

لاہور،13دسمبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ غریبوں کی عدالت ہے جس کا مقصد نادار و پسماندہ طبقے کی داد رسی کرنا ہے ،سرکاری افسروں کو غریب لوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانا چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ہرسال شکایات میں اضافہ ہورہا ہے ،سال 2022 ءمیں ایک لاکھ 64ہزار 174شکایات موصول ہوئیں اور ایک لاکھ 57ہزار 770شکایات کے فیصلے کیے گئے جبکہ رواںبرس تاحال ایک لاکھ 83ہزار سے زائدشکایات آچکی ہیں ،توقع ہے کہ سال کے آخر تک یہ تعداد ایک لاکھ90ہزار سے بڑھ جائے گی جو وفاقی محتسب پر عوام کے اعتما دکا مظہر ہے۔

وفاقی محتسب نے کہا کہ رواں برس 11ستمبر کو ایشین ایمبڈزمین ایسوسی ایشن کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے وفاقی محتسب کو متفقہ طور پر ایشین ایمبڈزمین ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیاجو پاکستان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔وفاقی محتسب نے علاقائی دفاتر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کے غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے شکایات کو ثالثی اور مصالحتی انداز میں نمٹانے کا پروگرام انفارمل ریزولیشن آف ڈسپیوٹس اپریل 2022میں شروع کیا گیا جو بہت کامیاب رہا ہے اس سے غریب لوگوں کے بہت سے مسائل حل ہوئے، اس پروگرام کے تحت اب تک 2ہزار 951کیس حل کیے جاچکے ہیں جبکہ 473کیسوں پر کارروائی جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی محتسب نے کہا کہ ادارے نے کسی ایک بھی کیس میں حکم امتناع نہیں دیا،ادارے کو موصول ہونیوالی شکایت 48گھنٹوں میں متعلقہ ایجنسی کو بھیج دی جاتی ہیں اور ہم کوشاںہیں کہ شکایت کنندہ کو جلد سے جلد ریلیف ملے۔

ان کے بقول سب سے زیادہ شکایات بجلی بلوں کی ہیں، زیادہ ترلوگ بجلی کے بلوں کے باعث سے پریشان ہیں۔وفاقی محتسب آفس غریبوں کے بجلی بلوں کی شکایات کوحل کرنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب آفس کی طرف سے توہین عدالت کی کارروائی کی نوبت نہیں آتی اس ادارے میں لوگوں کو ریلیف مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے اور سرکاری اداروں کا میڈیا کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے ،عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں بھی میڈیا کا اہم کردار ہے اسلئے میڈیا محتسب کے پیغام کو عام کرنے میں تعاون کرے تاکہ پاکستانی غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی ہو اور وہ اس ادارے کے ذریعے فوری اور مفت ریلیف حاصل کرسکیں۔

وفاقی محتسب نے بیرون ملک پاکستانیوں،پنشنرز وقیدیوں بالخصوص قیدی خواتین اور بچوں کی سہولیات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔اس موقع پر ممبر انچارج ڈاکٹر ارشد محمود ،ڈائریکٹر جنرل ریاض حمید چوہدری بھی موجود تھے۔قبل ازیں وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے اپنے ادارے کے انویسٹی گیشن افسران اور وفاقی سرکاری اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد کو کم از کم وقت میں یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں،فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر ناقابل برداشت ہوگی۔وفاقی محتسب کے مطابق دوران رواں برس ایک لاکھ 78ہزار سے زائد شکایات کے فیصلے کرچکے ہیں۔قبل ازیں وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے علاقائی دفتر لاہور کے دورہ کے دوران ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں علاقائی دفاتر فیصل آباد ،سرگودھااور گوجرانوالہ کے افسران نے شرکت کی۔