وفاقی کابینہ  اجلاس،مقبوضہ جموں و کشمیرکے حوالے سے بھارتی سپریم کوٹ کا فیصلہ مسترد،   مکمل غیر قانونی قرار

28

اسلام آباد ،13 دسمبر( اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے  مقبوضہ جموں و کشمیرکے حوالے سے بھارتی سپریم کوٹ کے حالیہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے مکمل غیر قانونی فیصلہ قرار دیا ہے۔

بدھ کودیگر وفاقی وزراءکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے  کہا کہ جموں و کشمیر ایک مسلمہ بین الاقوامی تنازعہ ہے جو 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے  بتایا  کہ   نگران وفاقی کابینہ نے پاکستان کی” انگیج افریقہ” کی پالیسی کے تناظر میں جمہوریہ گیمبیا اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مابین باہمی سیاسی تبادلہءخیال پر مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی ہے۔

سولنگی نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے، اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال کے نتیجے میں منیجنگ ڈائریکٹر، نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن کے کنٹریکٹ کی فوری تنسیخ، ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی منظوری اور نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک چیف ایگزیکٹو انجینئر میاں محمد شفیق کو قائم مقام چارج دینے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے انخلاءسے متعلق پالیسی وضع کرنے کی منظوری اور پہلی نیشنل سپیس پالیسی کی منظوری دی ہے اور کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلے کو بھی فی الحال موخر کیا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، سپارکو، وزارتِ دفاع و متعلقہ اداروں کی پاکستان کی پہلی اسپیس پالیسی کی تشکیل کی کوششوں کو سراہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے وزارتِ سمندری امور کی سفارش پر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی فی الفور اپنے ادارے کو واپس کرنے، ادارے میں سامنے آنے والی بدانتظامی کی تحقیقات کی منظوری اور اس سلسلے میں نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک، ڈی جی آپریشنز پورٹ قاسم اتھارٹی، ریئر ایڈمرل شاہد احمد کو اس کا اضافی چارج دینے کی بھی منظوری دی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزارتِ صحت کی سفارش پر ڈا ڈینٹل کالج کراچی، ناروال میڈیکل کالج، لیاقت انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ہیلتھ سائنسز ٹھٹہ اور خیرپور میں میڈیکل کالج کی ابتدائی منظوری کے لئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو بھجوانے کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔

سولنگی نے وفاقی کابینہ کی کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز (CCLC)کے 6 دسمبر 2023ءکے اجلاس میں کئے گئے فیصلے اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی (CCoE) کے 22 نومبر 2023ءکے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کا بھی بتایا۔